کمسن لڑکی کو کالعدم بی ایل اے دہشتگردوں
کمسن لڑکی کو کالعدم بی ایل اے دہشتگردوں کے خود کش منصوبے سے بچا لیا گیا. وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے انکشاف کیا ہے کہ دشمن عناصر معصوم بچوں اور بچیوں کو کہانیاں سنا کر ان کی ذہن سازی کر رہے ہیں اور انہیں ریاست کے خلاف استعمال کرنے کی منظم کوششیں جاری ہیں, انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ اور ریاست مخالف عناصر نو عمر لڑکوں اور لڑکیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے نقصان کو روک لیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ دشمن ہمارے بچوں کو ہمارے ہی خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ریاست مخالف عناصر نے سوشل میڈیا کے ذریعے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک کم عمر بچی سے رابطہ کیا اور باقاعدہ اس کی ذہن سازی کی گئی۔ ضیا الحسن لنجار کے مطابق اس بچی کو خودکش بمبار بننے کے لیے تیار کیا جا رہا تھا، جس کے لیے اسے مسلسل نفرت انگیز اور ریاست مخالف مواد فراہم کیا جاتا رہا، انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں بلکہ ایک انتہائی سنگین اور خطرناک رجحان کی عکاسی کرتا ہے