بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن رد الفتنہ ون کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 216دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران انٹیلی جنس بنیادوں پر مربوط اور تیز کارروائیاں کی گئیں،بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کو نشانہ بنا کر امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے۔ ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ29 جنوری 2026 کو پنجگور اور ہرنائی کے نواح میں کارروائیاں مصدقہ خفیہ اطلاعات پر شروع کی گئیں،سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی نیٹ ورکس سے وابستہ 41 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کے جارحانہ اور مؤثر ردعمل نے فتنہ الہندوستان کے بلوچستان کا امن خراب کرنے کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے،بعد ازاں متعدد علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کے خاتمے کے لیے کومبنگ اور کلیئرنس آپریشنز کیے گئے،مربوط منصوبہ بندی اور مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 216 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

Comments
Post a Comment