پاک بھارت میچ کے دوران کپتانوں کے ہاتھ نہ ملانے اور میچ
پاک بھارت میچ کے دوران کپتانوں کے ہاتھ نہ ملانے اور میچ ریفری کے نامناسب رویے پر پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو تفصیلی خط لکھ دیا جبکہ میچ ریفری کی تبدیلی تک پاکستان نے ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کرلیاہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سےگزشتہ روز ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی روشنی میں آئی سی سی اور ایم سی سی کو خط لکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے قوانین اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر آئی سی سی اور ایم سی سی کو احتجاجی خط لکھ کر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع پر شیک ہینڈ نہیں ہو گا، اینڈی پائی کرافٹ نےاس سے قبل پاکستانی میڈیا منیجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:کھیل میں سیاست گھسیٹنا اس کی اصل روح کے منافی ہے:محسن نقوی
میچ کے اختتام پر منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا جس پر اینڈریو رسل نے کہا کہ ہمیں بھارتی بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور پھر کہا یہ اصل میں بھارتی حکومت کی ہدایات ہیں۔
آئی سی سی اور ایم سی سی کو لکھے گئے خط میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم سی سی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپرٹ آف دی گیم کو بار بار دہرایا، میچ ریفری نے اپنی ذمےداریوں کو نہیں نبھایا۔
پی سی بی کا کہنا ہےکہ میچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے اورسپرٹ آف دی گیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ،خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ میچ ریفری کا کنڈکٹ سپرٹ آف دی گیم اور ایم سی سی قوانین کے منافی ہے ، پی سی بی سمجھتا ہے کہ یہ بہت بڑی خلاف ورزی ہے ۔

Comments
Post a Comment