کراچی: لی مارکیٹ میں رہائشی عمارت زمین بوس،


 کراچی: لی مارکیٹ میں رہائشی عمارت زمین بوس، 5 افراد جاں بحق، 30 سے زائد افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ

کراچی کے مصروف علاقے لی مارکیٹ میں واقع ایک رہائشی عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ 25 سے 30 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق گرنے والی عمارت 6 منزلہ تھی، جس میں تقریباً 20 کے قریب فلیٹ موجود تھے۔ واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور متاثرین کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ملبہ ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی جارہی ہے، تاہم گلیوں کی تنگی کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملبے تلے دبے ایک شخص نے ٹیلی فون کے ذریعے اپنے اہلِ خانہ اور ریسکیو ٹیموں سے رابطہ کیا اور مدد کی اپیل کی، جس کے بعد اس کی تلاش کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

میونسپل کمشنر لیاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی چھٹی منزل سمیت کل 6 منزلوں پر مشتمل تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں عمارتوں کی حالت زار اور ناقص تعمیرات کی نشاندہی پہلے بھی کی جا چکی ہے، تاہم اس پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوسکی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ عمارت میں دراڑیں پہلے سے موجود تھیں اور متعدد بار انتظامیہ کو مطلع کیا گیا تھا، لیکن کوئی عملی قدم نہ اٹھایا گیا۔

ریسکیو ٹیموں کی جانب سے رات بھر ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو نکالنے کا عمل جاری رہے گا، جبکہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

متحدہ عرب امارات کی توانائی حکمت عملی: عالمی بحران میں استحکام کی ضمانت

پاکستان پر عالمی جنگوں کے معاشی اثرات: پیٹرولیم سیاست سے قومی سلامتی تک

یونان میں پاکستانیوں کے خلاف کارروائی: جعلی ویزا نیٹ ورک کا سرگم