ملک بھر میں تیز ہواؤں اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا
ملک بھر میں تیز ہواؤں اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا موسم خوشگوار
پاکستان کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور بارش کے بعد شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور شہریوں کے چہروں پر خوشی لوٹ آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔
اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں موسم خوشگوار
اسلام آباد میں ہلکی بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ مالم جبہ میں 10 ملی میٹر، کالام میں 8 ملی میٹر اور چترال میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ان علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے سے نہ صرف درجہ حرارت کم ہوا بلکہ شہریوں کو سکون کا سانس بھی ملا۔
لاہور میں تیز ہوائیں اور بجلی کی معطلی
لاہور میں مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی اور گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔ تاہم، تیز ہواؤں کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جس سے شہریوں کو وقتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مری میں سیاحوں کا رش، موسم کی دلکشی میں اضافہ
ملکہ کوہسار مری میں موسلادھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو نہایت دلکش بنا دیا۔ ویک اینڈ کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد مری کا رخ کر چکی ہے۔ مال روڈ پر بارش سے بھیگے موسم میں سیاحوں کی سیر و تفریح جاری رہی، جبکہ ہوٹلوں اور تفریحی مقامات پر رش بڑھنے لگا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی تیز ہواؤں اور بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ پھالیہ، فیروزوالا، شیخوپورہ اور لالیاں میں تیز آندھی اور بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں خیبرپختونخوا، جنوبی و شمالی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور خطہ پوٹھوہار میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم بدستور شدید گرم اور خشک رہے گا اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔

Comments
Post a Comment